ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 88 ہوگئی؛ متاثرین کی تعداد میں روزبروز اضافہ سے معاملہ سنگین

کرناٹک میں کورونا کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 88 ہوگئی؛ متاثرین کی تعداد میں روزبروز اضافہ سے معاملہ سنگین

Mon, 30 Mar 2020 18:10:11    S.O. News Service

بنگلورو، 30/ مارچ (ایس او نیوز) کرناٹک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ ہفتہ کے روز جہاں ایک ہی دن میں 18نئے معاملات سامنے آئے تھے، اگلے روز اتوار کو  مزید 7نئے معاملوں کا انکشاف ہوا تھا، پیر کو موصولہ اطلاع کے مطابق  آج شام تک پانچ مزید معاملات سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے  پوری ریاست میں کورونا کے معاملات سنگین رُخ اختیار کرتے نظر آرہے ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج پانچ معاملات سامنے آنے کے بعد کرناٹک میں کورونا پوزیٹیو کی تعداد بڑھ کر 88 ہوگئی ہے۔  بتایا گیا ہے کہ جو پانچ تازہ واردات سامنے آئی ہے اس میں ایک مریض وہ ہے جو پہلے  کورونا سے متاثرہ شخص کے رابطے میں تھا جبکہ دیگر چار مریض کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ میسور کی ایک فارما کوٹیکل کمپنی کے ملازم ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ  کل اتوار کو اُڈپی میں دو نئے معاملات سامنے آئے تھے ۔

متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے ریاست کی راجدھانی بنگلورو اب تک کرناٹک میں سرفہرست ہے جہاں 41/ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دیگر اضلاع کی طرف نظر دوڑائی جائے تو چکبالاپور کے 8/افراد متاثر ہوئے ہیں۔دکشن کنڑا  اور اترکنڑا میں سات سات لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ کلبرگی میں 3/ لوگ متاثر ہوئے تھے جس میں ایک کی موت ہوچکی ہے۔ کورگ میں ایک متاثر ہے۔ اُڈپی میں 3/افراد متاثر ہیں۔ داونگیرے میں 3/ افراد متاثر ہیں، دھارواڑ میں ایک متاثر ہے۔ ٹمکورو میں ایک متاثر ہے جبکہ  ایک کی موت ہوئی ہے۔

 اس دوران بنگلورو میں کورونا وائرس کے معاملوں سے نپٹنے کے لئے اتوار سے 31فیور کلینکوں نے بی بی ایم پی اور محکمہ صحت کے مختلف پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں کام کرنا شروع کردیا ہے جبکہ شہر کی 11نجی ہوٹلوں کی نشاندہی کر کے انہیں مشتبہ افراد کو کوارنٹائن کرنے کے لئے مقرر کردیا گیا ہے جہاں ان لوگوں کو  الگ الگ کمروں میں رکھنے کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔   


Share: